22

’ماڈل ٹاؤن کیس میں آل شریف کو پھانسی نظر آرہی ہے‘

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن پر اب غیرجانبدار اور آزادانہ جے آئی ٹی بنی ہے،جے آئی ٹی آل شریف کی چھیڑ بن چکی ہے،اس کیس میں اب ان کو پھانسی کا پھندا نظر آرہا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے آج منظم طریقے سے فسطائیت کی جس کی مذمت کرتے ہیں،اسپیکر اسمبلی، اسمبلی سیکریٹریٹ اور ہال میں توڑپھوڑ کے واقعےکو آج دہرایا گیا،پولیس تحمل کا مظاہرہ کرتی رہی، ن لیگ کے کارکن اشتعال انگیزی کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے پلاننگ کی ہے کہ خود کو مظلوم اور معصوم ثابت کریں،حمزہ شہباز کو کہا تھا کہ اسمبلی آئیں لیکن یہ عدالت کے باہر غنڈہ گردی کرنے چلے گئے۔فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن پر ان لوگوں نے جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو باہر نہیں آنے دیا، جب رپورٹ باہر آئی تو وہ مینڈیٹ نہیں دیا جس پر عملدرآمد ہو، اب جو جے آئی ٹی بنی ہے اس سے غیر جانبدار تفتیش ہوگی جو سب کے سامنے آئے گی۔تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران پی ٹی وی پر حملے سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ پی ٹی وی پر حملہ ایک سازش کے تحت کیا گیا، ان لوگوں نے مظاہرین میں اپنے بندے ڈلوا کر حملہ کیا، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں عدالت جو فیصلہ کرے گی وہ منظور ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ آصف زرداری کی حثیت اب سڑک کنارے فال نکالنے والے نجومی سے زیادہ نہیں رہی،ایان علی وعدہ معاف بننے کے لیے تیار ہے ان کو اب اپنی پکڑ نظر آرہی ہے۔صوبائی وزیرکا کہناتھا کہ فالودے اور قلفی والوں کے جتنے جعلی اکاؤنٹس مل رہے ہیں سب زرداری کے ہیں، انہیں اومنی کی صورت میں موت نظر آرہی ہے، ایان علی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہے، انہیں اب پکڑ نظر آرہی ہے تو نجومیوں کی طرح پیش گوئیاں کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں