131

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرخرم شہزاد نے ایم ڈی واسا راولپنڈی محمد تنویر کے ہمراہ گجرات شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ایم ڈی واسا راولپنڈی محمد تنویر، ڈپٹی ایم ڈی واسا محمد سلیم اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گجرات ڈاکٹر رانی حفصہ کنول کے ہمراہ گجرات شہر کے مختلف علاقوں، ڈسپوزل اسٹیشن بولے اور کالرہ کا دورہ کیا اور بارش کے دوران اربن فلڈنگ کی روک تھام اور پانی کے تیزی سے نکاس کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالوحید نے نقشہ جات کی مدد سے شہر ی علاقوں میں سیوریج سسٹم، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اخلاق احمد نے نکاسی آب کیلئے دستیاب وسائل کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور واسا راولپنڈی کے دونوں افسران کو بریفنگ دی جبکہ ایم ڈی اور ڈپٹی ایم ڈی نے اربن فلڈنگ پر کنٹرول کیلئے ضلعی انتظامیہ کو تجاویز سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ موسم برسات کے دوران جیل چوک، کچہری چوک، پرنس چوک، رحمان شہید روڈ سمیت متعدد علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اس مقصد کیلئے دستیاب انسانی اور مشینی وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، موسم برسات سے قبل سیوریج نالوں اور ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کروائی گئی ہے،ڈسپوزل اسٹیشنوں پر موٹرز کو مکمل استعداد کیساتھ چلانے کیساتھ نشیبی علاقوں میں ڈ ی واٹرنگ سیٹ بھی نصب کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل چوک تا بھمبر روڈ سیوریج منصوبہ پر کام جاری ہے جسے رواں مالی سال کے دوران مکمل کرنے کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اسکے ساتھ یونین کونسل نمبر چار اوریونین کونسل نمبر پانچ کے علاقوں سے پانی کے نکاس کیلئے رتی ڈسپوزل تک سیوریج لائن کے منصوبے پر برسات کے دوران بھی کام جاری ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایم ڈی واسا اور ڈپٹی ایم ڈی واسا کیطرف سے ملنے والی تجاویز پر عمل درآمد سے نکاسی آب کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں