ٹرمپ جاپان کی ثالثی میں ایران سے مذاکرات کیلئے تیار،سعودیہ اور قطر میں کشیدگی میں کمی کے اشارے
کراچی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جاپان کی ثالثی میں ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں، دوسری جانب سعودی عرب اور قطر کے درمیان تقریباً 2 سال سے جاری سرد تعلقات میں نرمی آنے لگی، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خلیج تعاون کونسل کے ہنگامی اجلاس میں قطری امیر کو مدعو کرلیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کیساتھ جوہری ڈیل کا امکان موجود ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپانی وزیراعظم شینزوآبے کے ساتھ ٹوکیو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایران اور شمالی کوریا کے ساتھ پائی جانے والے کشیدگی کے تناظر میں مصالحت پسندانہ گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان ایک دوسرے کے احترام کا جذبہ پایا جاتا ہے۔