کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش ہے،چین کا ردعمل
مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی فیصلے پر چین کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کا تاریخی مسئلہ ہے، عالمی برادری بھی اس پر متفق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملک ایسے کسی اقدام سے گریز کریں، جس سے یکطرفہ طور پر اسٹیٹس کو میں تبدیلی آئے اور تناؤ میں اضافہ ہو۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر چین کو گہری تشویش ہے، کشمیر پر چین کا موقف واضح اور یکساں ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کی تاریخ کا موروثی مسئلہ ہے، عالمی برادری بھی اس بات پر متفق ہے کہ یہ دونوں ممالک کا تاریخی مسئلہ ہے۔چین نے کہا کہ متعلقہ فریقین کو اس مسئلے پر تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دونوں ممالک بات چیت اور رابطوں کے ذریعے متعلقہ مسائل حل کریں اور علاقائی امن اور استحکام کا تحفظ کریں۔