75

ثانیہ مرزانےبہن کی شادی کی تصدیق کردی

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے تصدیق کردی ہے کہ اُن کی بہن انعم مرزا کی شادی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کے بیٹے سے ہورہی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹینس اسٹار اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے تصدیق کی ہے کہ اُن کی بہن اور فیشن ڈیزائنر انعم مرزا رواں سال دسمبر میں اسد سے شادی کررہی ہیں جو کہ  بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کے بیٹے ہیں۔سابق کپتان اظہرالدین کے بیٹے اسد اور ثانیہ مرزا کی چھوٹی بہن انعم مرزا کی شادی کی خبریں کئی روز سے سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں، تاہم ان کے اہل خانہ کی جانب سے کسی قسم کی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔البتہ اب ثانیہ مرزا نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی بہن کی شادی دسمبر میں ہورہی ہے، چند روز قبل ہی وہ اُن کا ’بیچلورٹ ٹرپ‘ مکمل کرکے پیرس سے واپس آئی ہیں, انہوں نے کہا کہ وہ سمیت پورا خاندان اس شادی کو لے کر نہایت پرجوش نظر آرہا ہے۔ثانیہ مرزا نے کہا کہ اسد بہت ہی پیارا اور اچھا لڑکا ہے۔ اسد کرکٹ کھیلتے ہیں جبکہ انعم فیشن ڈیزائنر ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کچھ روز قبل انعم مرزا نے اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ ’برائڈ ٹو بی‘ کا سلیش پہنی نظر آرہی ہیں جبکہ بیک گرائونڈ میں گلابی رنگ کے ’برائڈ ٹو بی‘ کے غبارے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔انعم اور اسد کی شادی کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہیں پوری دنیا سے مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔واضح رہے کہ ثانیہ مرزا کی شادی بھی کرکٹ سے وابستہ شخص یعنی پاکستان کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی شعیب ملک سے 2010ء میں ہوئی تھی، ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں